افغان طالبان حکومت کا مقامی سطح پر ریل کا انجن تیار کرنے کا اعلان

Published On 28 December,2024 03:05 am

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت نے اعلان کیا ہے کہ مقامی طور پر ریل کا انجن تیار کر لیا گیا ہے۔

غیرملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغان طالبان کی حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پربیان میں کہا کہ نیشنل ڈویلپمنٹ کمپنی نے مقامی سطح پر ریل کا انجن تیار کرلیا ہے اور ریلوے انجن کی ویڈیو بھی جاری کی، جس میں تین بوگیاں لگی ہوئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ملک کی نیشنل ڈویلپمنٹ کارپوریشن نے پہلی بار ایک ریل تیار کی ہے، زیر تعمیر ریلوے ٹریک کی تکمیل کے ساتھ افغانستان مقامی سطح پر تیار اپنی ریل چلائے گا۔

افغانستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق کابل میں افغانستان اور قازقستان کے اعلیٰٗ حکام کے درمیان ملاقات ہوئی اور ریلوے کے شعبے میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ افغان وزارت ریلوے نے بیان میں کہا کہ قازقستان کے نائب وزیر تجارت کیرات تربیوف نے افغانستان میں قازقستان کی کمپنیوں کے زیرتعمیر منصوبوں پر روشنی ڈالی اور افغانستان کے راستے کمرشل اور زرعی اشیا کی فراہمی کے لیے قازقستان کی دلچسپی کا اظہار کیا۔

قازقستان کے نائب وزیر نے مزید کہا کہ ان کی حکومت افغانستان کے ریلوے ڈھانچے میں سرمایہ کاری پر دلچسپی رکھتی ہے۔