تیرینگانو: (ویب ڈیسک) ملائیشیا کے شہری کو خاتون کے ساتھ تنہائی میں وقت گزارنے پر سر عام کوڑے لگا دیئے گئے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا کی ریاست تیرینگانو کی مسجد میں نماز جمعہ کے بعد 42 سالہ محمد آفندی اوانگ کو ’’خلوت‘‘ کے جرم میں سرعام کوڑوں کی سزا دی گئی، ملائیشیا میں سیکولر قوانین کے ساتھ ساتھ اسلامی فوجداری اور عائلی قوانین بھی رائج ہیں جو صرف مسلمانوں پر لاگو ہوتے ہیں۔
پانچ بچوں کے باپ محمد آفندی کو گزشتہ ماہ جرم کا اعتراف کرنے کے بعد چھ ضربوں اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی، مقامی میڈیا کے مطابق محمد آفندی کا سزا سے قبل طبی معائنہ بھی کرایا گیا، سزا کو مسجد میں موجود 90 افراد نے دیکھا، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔
واضح رہے کہ 2018ء میں ریاست تیرنگانو میں ہی دو خواتین کو ہم جنس پرست جنسی تعلقات کے جرم میں کمرہ عدالت میں درجنوں افراد کی موجودگی میں دو، دو کوڑے لگائے گئے تھے جس پر انسانی حقوق تنظیموں نے خوب شور شرابہ کیا تھا۔