دمشق: (ویب ڈیسک) دمشق میں 12 سال بعد ہسپانوی سفارتخانے پر پرچم لہرا دیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر بشار الاسد کی معزولی کے بعد مغربی ممالک کا شام سے تعلقات بحال کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس میں تازہ ترین اضافے کے طور پر سپین کے وزیرِ خارجہ نے دمشق کے سفارت خانے میں اپنے ملک کا پرچم بلند کیا، ایک عشرے سے زائد عرصے تک میڈرڈ کی جانب سے سفارتی سرگرمیاں معطل رہنے کے بعد دوبارہ دونوں ممالک کے تعلقات بحال ہوئے ہیں۔
الاسد کی جانب سے حکومت مخالف مظاہروں پر وحشیانہ جبر 13 سال سے زیادہ کی خانہ جنگی کی وجہ بنا جس کے شروع ہونے کے ایک سال بعد سپین نے مارچ 2012 میں اپنا سفارتی مشن بند کر دیا تھا۔
جوز مینوئل الباریس نے کہا ذاتی طور پر یہاں آنا اعزاز کی بات ہے، ہسپانوی پرچم دوبارہ بلند کرنا شام کے مستقبل کے لئے ہماری اس امید کی علامت ہے جو ہم شامی عوام کے بہتر مستقبل کے لیے رکھتے ہیں، سفارت خانے میں سپین کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔