غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں جنگ بندی ڈیل کے اعلان کے باوجود بھی اسرائیل کے حملے جاری ہیں جس کے نتیجے میں اب تک 113 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا اعلان ہوتے ہی گزشتہ دنوں فلسطینی عوام نے جشن منایا مگر اس دوران بھی غزہ پر اسرائیلی حملے نہیں رکے۔
رپورٹ کے مطابق جنگ بندی اعلان کے بعد ہونے والے اسرائیلی حملوں میں 28 بچوں سمیت اب تک 113 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور 246 زخمی ہوئے۔
دوسری جانب جنگ بندی اعلان ہونے کے بعد نیتن یاہو کو اپنے اتحادیوں اور اسرائیل میں دائیں بازو کی قوتوں کی جانب سے شدید دباؤ کا سامنا ہے جس کی وجہ سے اسرائیلی کابینہ نے اب تک جنگ بندی ڈیل کی باضابطہ منظوری نہیں دی۔
اسرائیلی میڈیا کا بتانا ہے کہ وزیراعظم نیتن یاہو نے آج اپنے اتحادیوں سے ملاقات کی اور آج ہونے والے کابینہ اجلاس میں ڈیل کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان 2 دن قبل جنگ بندی معاہدے پر اتفاق ہوگیا تھا جس کے بعد قطر کے وزیراعظم نے ڈیل کا باقائداعلان کیا تھا۔