ریاض: (ویب ڈیسک) سعودیہ میں دہشت گردی میں ملوث مقامی شہری کو سزائے موت دے دی گئی۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث مقامی شہری عبداللہ بن احمد آل سلیم کی سزائے موت پر عمل درآمد کردیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے نے مشرقی ریجن میں دہشتگرد گروہ سے تعلق رکھنے پرسعودی شہری کو گرفتار کیا، ملزم نے بیرون ملک سے دھماکہ خیز مواد تیار اورآتشی اسلحہ استعمال کرنے کی باقاعدہ تربیت حاصل کی۔
مملکت واپسی کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے لئے دھماکہ خیز مواد تیار کرنے اور دہشتگردوں کے لئے فنڈ جمع کرنے میں مصروف تھا۔
عدالت نے جرائم ثابت ہونے پر سزائے موت کے احکامات صادر کئے جسے اپیل کورٹ نے بھی بحال رکھا، بعدازاں ایوان شاہی سے بھی سزائے موت کی توثیق ہونے پر وزارت داخلہ نے گزشتہ روز اس پرعمل درآمد کردیا۔