واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کے دو تہائی کے قریب ووٹرز نے صدر ٹرمپ کی غزہ سے فلسطینیوں کو زبردستی نکالنے اور غزہ پر قبضہ کرنے کی تجویز کی مخالفت کی ہے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی تھنک ٹینک ’’ڈیٹا فار پروگریس‘‘کی گزشتہ روز جاری کی گئی نئے سروے رپورٹ کے مطابق 64 فیصد امریکی ووٹرز نے صدر ٹرمپ کی تجویز کی مخالفت جبکہ صرف 27 فیصد اس کی حمایت کی ہے۔
سروے کے 1,201 جواب دہندگان میں سے تقریباً نصف جو کہ 47 فیصد ہیں نے یہ بھی کہا کہ وہ اس منصوبے کے’’سخت‘‘ خلاف ہیں، ڈیٹا فار پروگریس کے مطابق مخالفت ڈیموکریٹس میں سب سے زیادہ تھی، 85 فیصد نے اس تجویز کی مخالفت کی، جس میں 78 فیصد نے سخت مخالفت کی۔
63 فیصد آزاد امیدواروں نے ٹرمپ کے غزہ کے منصوبے سے اتفاق نہیں کیا،46 فیصد ریپبلکنز نے اس تجویز کی حمایت کی اور 43 فیصد نے مخالفت کی۔
۔ڈیٹا فار پروگریس کے مطابق 10 میں سے تقریباً سات ووٹرز کا کہنا ہے کہ وہ غزہ پر قبضہ کرنے کے لئے مشرق وسطیٰ میں امریکی فوج بھیجنے کی مخالفت کرتے ہیں جبکہ 25 فیصد اس کے حق میں ہیں۔
نئی پولنگ ایسے وقت میں ہوئی جب اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ تجویز سے جنگی جرائم پر مبنی اور بین الاقوامی نظام کے ڈھانچے کو خطرہ ہے۔