انقرہ: (دنیا نیوز) ترک صدر طیب اردگان نے کہا کہ اسرائیل خطے کا نقشہ دوبارہ بنانے کی کوشش میں اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکے گا۔
ترک صدر طیب اردگان نے اپنے بیان میں کہا کہ ترکیہ ہمیشہ شامی بھائیوں، بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا، ترکیہ شام میں استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے گا، ہم ثابت قدم رہیں گے اور ظالموں کے خلاف حق کی آواز بلند کریں گے۔
طیب اردگان نے کہا کہ توسیع پسندانہ عزائم کے ساتھ غزہ میں کشیدگی کو ہوا دینے سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا، پوری دنیا کے سامنے غزہ میں معصوم بچوں، خواتین اور شہریوں کا بے دردی سے قتل عام کیا گیا، زخمیوں کو لے جانے والی ایمبولینسوں پر بھی گولیاں چلائی گئیں۔
ترک صدر کا مزید کہنا تھا کہ طبی رضاکاروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، یہ واضح طور پر جنگی جرائم ہیں، ہم عالمی سربراہان سے غزہ میں جاری نسل کشی رکوانے کیلئے بات چیت کریں گے۔