ایران کے شہر بندر عباس کی پورٹ پر دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 25 ہوگئی

Published On 27 April,2025 09:31 am

بندرعباس: (دنیا نیوز) ایران کے شہر بندر عباس میں پورٹ پر ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 25 ہوگئی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق دھماکا بندر عباس کی شاہد راجئی پورٹ پر واقع ایک انتظامی عمارت میں ہوا جس کی آواز دور تک سنی گئی۔

ایرانی میڈیا کا بتانا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 800 سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ 25 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، دھماکے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ایران کے صوبے ہرمزگان کے کرائسز مینجمنٹ سیل کے سربراہ کا کہنا ہے کہ دھماکا بہت شدید تھا تاہم دھماکے کی وجوہات کے بارے میں تاحال حتمی طور پر معلوم نہیں ہوسکا۔

ایرانی حکام کے مطابق دھماکے سے قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا، دھماکا ممکنہ طور پر کیمیکل کے گودام میں ہوا، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

رجائی بندرگاہ پر نئے دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کی رات رائی بندرگاہ پر ایک بڑی آگ جلتی رہی اور جیسے ہی شعلے دوسرے کنٹینرز تک پھیلے علاقے میں نئے دھماکے سنے گئے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز کے مطابق بندرگاہ کے احاطے سے دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، رجائی بندرگاہ کے گودی اور کنٹینر یارڈ میں لگی آگ اب بھی بڑی اور وسیع ہے۔

پاسداران انقلاب کی انٹیلی جنس فورسز نے شاہد رجائی بندرگاہ کے علاقے کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے جس میں بندرگاہ کی تنصیبات اور ملحقہ کسٹم عمارتیں بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بندرگاہ کے سکیورٹی گارڈز اور کسٹم پروٹیکشن اہلکاروں کو بھی ان علاقوں تک رسائی دینے سے انکار کر دیا گیا ہے۔