جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فورسز نے مزید 5 کشمیریوں کے گھر مسمار کردیئے

Published On 27 April,2025 10:24 pm

سری نگر:(دنیا نیوز) پہلگام حملے کے پیچھے چھپا بھارت کا دہشتگرد چہرہ بے نقاب ہوگیا، مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے مزید 5 کشمیریوں کے گھر تباہ کر دئیے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق کشمیریوں کے مکانات کو دھماکہ خیز مواد لگا کر اڑایا گیا، تباہ کیے گئے مکانات عام کشمیری لوگوں کے تھے، تباہ ہونے والے گھر عامر نذیر وانی، جمیل احمد، عدنان صفی ڈار، عامر احمد اور فاروق احمد کے والدین کے تھے۔

ذرائع نے بتایا دھماکوں سے درجنوں قریبی مکانات کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، گزشتہ 3 دن میں 7 کشمیریوں کے آبائی گھروں کو تباہ کر دیا گیا، بھارتی فوج کی ناپاک کارروائی سے کئی خاندان بے گھر اور شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

دوسری جانب دفاعی ماہرین کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کا مقصد کشمیریوں کے عزم کو توڑنا اور اجتماعی سزا دینا ہے، بھارت کشمیری مسلمانوں کی زمین ہتھیانے کیلئے اسرائیلی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے اور کشمیریوں کے گھروں کو مسمار کر کے اُنہیں بے گھر کر رہا ہے،یہ مہم مودی حکومت کے ہندو توا ایجنڈے کا حصہ ہے۔

قبل ازیں ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس نے اس واقعے کے حوالے سے کہا کہ بھارت کا مقصد کشمیری عوام کو بے گھر اور بے دخل کرنا اور علاقے کے مسلم اکثریتی تشخص کو تبدیل کرنا ہے، مودی حکومت کے کشمیریوں پر ظلم کے باوجود مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام بھارت کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔