روس نے یوکرین میں 3 روزہ جنگ بندی کا اعلان کردیا

Published On 29 April,2025 11:13 am

ماسکو: (دنیا نیوز) روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر یوکرین میں 8 سے 10 مئی تک جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر نے سیز فائر کے اعلان کے ساتھ ہی یوکرین کو خبردار کیا ہے کہ اگر سیز فائر کی خلاف ورزی ہوئی تو ہماری افواج مؤثر جواب دیں گی۔

کریملن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس سمجھتا ہے کہ یوکرین کو بھی اس (سیز فائر) پر عمل کرنا چاہیے۔

تاحال یوکرین نے روس کی جانب سے یک طرفہ جنگ بندی کے اعلان پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

خیال رہے کہ روس کی جانب سے یوکرین میں سیز فائر کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی حملوں پر شدید تنقید کی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر روسی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ولادیمیر، بس کرو! ہر ہفتے 5 ہزار فوجی مارے جا رہے ہیں، میں روس کے یوکرین پر حملوں سے خوش نہیں ہوں، یہ حملے غیر ضروری اور بہت غلط وقت پر کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ روس میں دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کی یاد میں 9 مئی کو "یوم فتح" منایا جاتا ہے، اس دن کی مناسبت سے ہی روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے 8 سے 10 مئی تک جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔