امریکہ، برطانیہ، روس کی اپنے شہریوں کو پاک بھارت کشیدگی کی پیش نظر سفری ہدایات جاری

Published On 30 April,2025 05:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکہ، برطانیہ، روس سمیت دیگر ممالک نے اپنے شہریوں کو پاک بھارت کشیدگی کی پیش نظر سفری ہدایات جاری کر دیں۔

برطانوی دفتر خارجہ نے اپنے شہریوں کو بھارت پاکستان سرحد کے 10 کلومیٹر کے اندر سفر سے گریز کی ہدایت جاری کر دی، برطانیہ نے جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں سفر نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔

کینیڈین حکومت نے پاکستان کے لیے سفری ہدایت جاری کرتے ہوئے شہریوں کو زیادہ احتیاط برتنے کی تلقین کی، کینیڈا نے جموں و کشمیر کے لیے تمام سفر سے گریز کی ہدایت جاری کر دی۔

نیوزی لینڈ نے اپنے شہریوں کو پاکستان کے ان علاقوں میں سفر نہ کرنے کی ہدایت دی ہے جہاں عسکری کارروائیاں جاری ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کے لیے سفر پر نظر ثانی ہدایات جاری کی ہیں، خاص طور پر لائن آف کنٹرول، بلوچستان اور سابق فاٹا کے علاقوں کے لیے امریکی محکمہ خارجہ نے سفری ہدایات جاری کیں۔

روس نے بھی اپنے شہریوں کو پاکستان کے سفر سے گریز کی ہدایت کر دی۔

آسٹریلیا نے اپنے شہریوں کو پاکستان کے لیے سفر پر نظرثانی کی ہدایت جاری کی، آسٹریلیا نے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور سرحدی علاقوں کے لیے ہدایات جاری کر دیں۔