ویٹی کن سٹی : (ویب ڈیسک) کیتھولک مسیحیوں کے نئے روحانی پیشوا کیلئے انتخابی عمل میں پہلے روز ووٹنگ میں کامیابی نہ مل سکی۔
انتخابی عمل میں 70 ممالک سے کارڈینلز شریک ہیں، پہلے دن سسٹین چیپل کی چمنی سے کالا دھواں نکلتا دکھائی دیا، یہ اس بات کی علامت ہے کہ پوپ کے انتخاب کیلئے کارڈینلز کی پہلی ووٹنگ ناکام رہی۔
سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ہزاروں افراد جمع ہوئے تاکہ دھوئیں کے اشارے کا انتظار کیا جا سکے جو 133 کارڈینلز کے بند کمرے میں داخل ہونے کے تقریباً 3 گھنٹے اور 15 منٹ بعد چمپنی سے نکلنا شروع ہوا۔
پوپ کے انتخاب کیلئے لفظ کانکلیو استعمال کیا جاتا ہے اس کا لفظی مطلب تو چابی کے ساتھ تالا لگانا ہوتا ہے تاہم کانکلیو وہ موقع ہوتا ہے جب کارڈینلز ویٹی کن کی ایک تالا لگی عمارت میں مقیم ہو کر پوپ کا انتخاب کرتے ہیں۔
یہ انتخاب سسٹین چیپل میں ہوتا ہے جہاں ہر کارڈینل انتخاب کے عمل کو خفیہ رکھنے کا حلف اٹھاتا ہے اور خفیہ بیلٹ کے ذریعے ووٹ دیتا ہے۔
پوپ کے انتخاب کیلئے دو تہائی اکثریت حاصل ہونے تک ووٹنگ جاری رہتی ہے، ہر ووٹ کے بعد بیلٹ پیپرز کو خاص کیمیکلز کے ساتھ جلادیا جاتا جس سے سیاہ یا سفید دھواں نکلتا ہے جو سینٹ پیٹرز اسکوائر سے دیکھا جاسکتا ہے۔
چمنی سے نکلنے والا کالا دھواں اس بات کی علامت ہوتا ہے کہ پوپ کا انتخاب نہیں ہوسکا جبکہ سفید دھواں نئے پوپ کے انتخاب کا اشارہ ہوتا ہے۔