پاک بھارت کشیدگی بند، سفارتکاری سے معقول حل نکالا جائے: امریکا کا پیغام

Published On 09 May,2025 12:50 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کیلئے ہمارا پیغام ہے کہ کشیدگی بند ہونی چاہئے۔

ترجمان امریکی خارجہ ٹیمی بروس نے پاک بھارت کشیدگی پر بیان میں کہا کہ دونوں ممالک سے مطالبہ ہے سفارت کاری کے ذریعے معقول حل تک پہنچیں، پاکستان اور بھارت پر زور دیتے ہیں کشیدگی کا ذمہ دارانہ حل نکالیں۔

ٹیمی بروس کا مزید کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے حکام سے رابطہ کیا ہے، مارکو روبیو نے زور دیا کہ تنازع مزید نہ پھیلے، امریکا پاکستان اور بھارت کے رہنماؤں سے 2 ہفتوں سے رابطے میں ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان چاہتا ہے بھارت پہلگام واقعہ کی آزادانہ تحقیقات کرائے، پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازع کئی دہائیوں سے جاری ہے، امریکا سے پاک بھارت تنازع کے حل کیلئے جو بھی ممکن ہواکرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنگ نہیں ہونی چاہئے، ہم مشرق اور دیگر ممالک میں جنگوں کی صورتحال پرنظر رکھے ہوئے ہیں، جنگ اور تشدد کا راستہ کسی مسئلے کا حل نہیں، سفارتکاری بہترین حل ہے۔