ابوظہبی: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ابوظہبی کی عالمی شہرت یافتہ شیخ زاید گرینڈ مسجد کا دورہ کیا۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو گرینڈ مسجد کا دورہ ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان نے کرایا، امریکی صدر نے مسجد کے مختلف حصوں میں گئے اور فن تعمیر سمیت نقش ونگار میں عرب ثقافتی اظہار کو قابل رشک قرار دیا۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ابوظہبی کے ولی عہد نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بتایا کہ اس مسجد تعمیر 1996ء کو شروع ہوئی تھی اور گیارہ سال بعد 2007میں مکمل ہوئی، مسجد کی تعمیر میں اتنا طویل عرصہ لگنے کی وجہ دنیا بھر سے لائے گئے معماروں اور اعلیٰ ترین مواد کا استعمال بتایا جاتا ہے۔
فن تعمیر کے اعلیٰ مظہر کی حامل اس مسجد میں 82 گنبد اور ایک ہزار سے زائد ستون ہیں، امریکی صدر ٹرمپ نے مسجد کو امن، رواداری اور ثقافتی عظمت کی علامت قرار دیتے ہوئے اسلامی فنِ تعمیر کی تعریف کی۔
یاد رہے کہ شیخ زاید جامع مسجد میں ایک وقت میں 40 ہزار سے زائد نمازیوں کی گنجائش ہے اور ہر سال لاکھوں سیاح اس مسجد کو دیکھنے دنیا بھر سے ابوظہبی آتے ہیں۔