نئی دہلی : (ویب ڈیسک) جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے پاکستان کی غیر مشروط حمایت کرنے پر ترکیہ سے تجارتی و تعلیمی روابط معطل کردیے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق ترکیہ سے تجارتی و تعلیمی روابط معطل کرد یے گئے ہیں، یہ فیصلہ پاک بھارت کشیدگی کےدوران ترکیہ کی پاکستان کی غیرمشروط حمایت کے تناظر میں کیا۔
بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ جو ممالک بھارت کی خودمختاری پر سوال اٹھاتے ہیں، ان سے روابط پر نظرثانی ہماری پالیسی کا حصہ ہے۔
اس سے قبل بھارتی ائیرپورٹس پر کام کرنے والی ترک کمپنی کی سکیورٹی کلیئرنس بھی منسوخ کردی گئی تھی، اس کے علاوہ بھارت میں ترکیہ کے سیب کے بائیکاٹ کی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں ہوائی اڈوں پر خدمات فراہم کرنے والی معروف ترک کمپنی سیلیبی نے بھارت کی جانب سے سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کرنے کے فیصلے کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی۔
دہلی ہائی کورٹ میں کمپنی نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ یہ واضح کیے بغیر کہ کس طرح کوئی ادارہ قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے، صرف زبانی طور پر کیے گئے اس اقدام کا قانونی طور پر دفاع نہیں کیا جاسکتا۔