بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ عالمی معیشت کی خوشحالی اور ترقی کو فروغ دینے کے لئے نئی تحریک پیدا کرنے کے لئے تیار ہیں۔
چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے 20 ویں چائنا ویسٹرن انٹرنیشنل ایکسپو کو مبارکباد کے پیغام میں اس بات کی نشاندہی کی کہ رواں سال کی ایکسپو اعلیٰ سطح کے کھلے پن کو وسعت دینے، علاقائی تبادلوں اور تعاون کو گہرا کرنے اور جدید صنعتی نظام کی تعمیر کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایکسپو ایک نیا ترقیاتی ماڈل بنانے اور اعلیٰ معیار کے ساتھ ’’بیلٹ اینڈ روڈ‘‘ کی مشترکہ تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور دنیا بھر کے ممالک کو مغربی چین کی ترقی کے مواقع کو شیئر کرنے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم بھی فراہم کرتی ہے۔
چینی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ صرف اتحاد کے ذریعے ہی ہم بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں اور مل کر کام کرنے سے ہی ترقی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایکسپو کے ذریعہ تمام ممالک کے دوستوں کے ساتھ افہام و تفہیم کو مزید گہرا کرنے، دوستی کو بڑھانے اور تعاون کو گہرا کرنے، کثیرالطرفہ تجارتی نظام ، عالمی صنعتی چین اور سپلائی چین کے استحکام اور ہموار آپریشن کو مشترکہ طور پر برقرار کے لئے تیار ہیں۔