واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو انوکھی پیشکش کی ہے کہ اگر وہ امریکا کا حصہ بن جائے تو وہ ان کا تجویز کردہ جدید میزائل دفاعی سسٹم ’گولڈن ڈوم‘ مفت حاصل کر سکتا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ جو بار ہا کینیڈا کو امریکا کی 51 ویں ریاست بنانے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں، نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ کینیڈا اگر امریکا کا حصہ بن جائے تو اسے’گولڈن ڈوم‘ دفاعی سسٹم مفت ملے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ البتہ اگر کینیڈا خودمختار ریاست کے طور پر برقرار رہا تو اسے دفاعی سسٹم کا حصہ بننے کیلئے 61 ارب ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔
کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ان کا ملک 175 ارب ڈالر کے مجوزہ منصوبے میں سرمایہ کاری پر غور کر رہا ہے، البتہ کینیڈا امریکا میں ضم ہونے پر بالکل تیار نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر ملکی حملوں سے امریکا کو بچانے کے لیے ایک نئے میزائل دفاعی نظام "گولڈن ڈوم" کے منصوبے کا اعلان کیا تھا اور بتایا تھا کہ یہ نظام ان کی دوسری مدت صدارت کے اختتام تک فعال ہو جائے گا۔