سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں عرب ممالک کا وفد کل رام اللہ کا دورہ کرے گا

Published On 31 May,2025 06:56 am

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں عرب وفد (کل) اتوار کو رام اللہ کا دورہ کرے گا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وفد کو عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے دوران غزہ کی پٹی پر جنگ کو روکنے، امداد کے داخلے کو محفوظ بنانے اور اسرائیلی قبضے کے خاتمے کے لئے سیاسی حل کی تلاش کے لئے ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

سفارتی ذرائع نے بین الاقوامی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل فرحان مقبوضہ مغربی کنارے کا دورہ کریں گے، شہزادہ فیصل بن فرحان مقبوضہ مغربی کنارے کا دورہ کرنے والے پہلے سعودی وزیر خارجہ ہوں گے، ان کا یہ دورہ غزہ میں 20 ماہ سے جاری اسرائیلی جنگ کے دوران پہلی مرتبہ ہو رہا ہے۔

یہ دورہ عرب اسلامی وزارتی کمیٹی کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کے موقع پر کیا جا رہا ہے، عرب اسلامی وزارتی کمیٹی کے ارکان نے میڈرڈ میں اپنی آخری میٹنگ میں غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

شہزادہ فیصل بن فرحان کا یہ دورہ اسرائیل کے جمعرات کے روز کئے گئے اعلان کے بعد ہو رہا ہے جس میں اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی اسرائیلی ریاست کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا، نیز ناجائز یہودی بستیوں میں اضافے کا بھی اعلان کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر خارجہ مغربی کنارے کا دورہ کرنے والے وزارتی وفد کی قیادت کریں گے، یاد رہے ستمبر 2023ء میں سعودی عرب کا نچلی سطح کا وفد رام اللہ گیا تھا۔

خیال رہے ماہ جون میں اقوام متحدہ کی بین الاقوامی کانفرنس کی سعودی عرب اور فرانس مشترکہ طور پر صدارت کریں گے۔