اسرائیل نے ایران کیخلاف یکطرفہ کارروائی کی، ہم حملوں میں ملوث نہیں: امریکا

Published On 13 June,2025 06:09 am

واشنگٹن: (دنیا نیورز) امریکا نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملوں میں امریکا کا کوئی کردار نہیں، ایران کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی گئی ہے۔

امریکی وزیرخارجہ مارکوروبیو نے کہا کہ ہم ایران کے خلاف حملوں میں ملوث نہیں، ہماری ترجیح خطے میں امریکی افواج کا تحفظ ہے، اسرائیل نے ہم سے کہا کہ ایران کے خلاف کارروائی اپنے دفاع کے لئے ضروری تھی۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو امریکی مفادات یا اہلکاروں کو نشانہ نہیں بنانا چاہئے، دوسری جانب امریکی ٹی وی کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

واضح رہے صبح اسرائیل نے ایران پر فضائی حملے کرتے ہوئے جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے، اسرائیلی وزیرِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران پر پیشگی حملہ کر دیا ہے، ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔

اسرائیلی فوجی عہدیدار کے مطابق اسرائیل جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے، اسرائیل نے ایران میں درجنوں مقامات کو نشانہ بنایا۔