تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹس نے ایران پر پیشگی فضائی حملے کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر میں خصوصی ہنگامی حالت نافذ کر دی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکام کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے کا خطرہ فوری طور پر موجود ہے۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز (IDF) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آج صبح 3 بجے (مقامی وقت کے مطابق) سے شہریوں کے لیے ’ہوم فرنٹ کمانڈ گائیڈ لائنز‘ میں تبدیلی کی گئی ہے، جس کے تحت ملک بھر میں سرگرمیوں کا دائرہ محدود کر دیا گیا ہے۔
اسرائیلی حکومت نے ملک میں تمام تعلیمی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے، عوامی اجتماعات اور غیر ضروری دفاتر کو بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے، صرف بنیادی اور ضروری شعبے سرگرم رہیں گے۔
اسرائیلی حکام نے بتایا کہ یروشلم میں رات تین بجے کے قریب سائرن کی آوازوں اور موبائل فون الرٹس کے ذریعے شہریوں کو خطرے سے آگاہ کیا گیا جس کے بعد خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی۔
وزیر دفاع اسرائیل کاٹس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ہوم فرنٹ کمانڈ اور دیگر حکام کی ہدایات پر مکمل عمل کریں اور فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
اسرائیل کاس نے مزید بتایا کہ ریاست اسرائیل کے ایران پر پیشگی حملے کے بعد ایران کی جانب سے ہمارے شہریوں اور بنیادی ڈھانچے پر حملے کا فوری خطرہ موجود ہے، جس کے پیش نظر یہ خصوصی ہنگامی حالت نافذ کی گئی ہے۔