تہران: (دنیا نیوز) اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملوں میں پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی، میجر جنرل محمد باقری سمیت کئی جوہری سائنسدان شہید ہو گئے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے ہیں، دارالحکومت تہران کے شمال مشرقی علاقے میں بھی دھماکوں کی زور دار آوازیں سنی گئیں اور بعض مقامات سے دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیئے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی نے کہا ہے کہ تہران میں پاسداران انقلاب کے صدر دفتر کو اسرائیل نے نشانہ بنایا، اسرائیلی حملے میں ایرانی چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد باقری شہید ہو گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی حملے میں پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی اور جوہری سائنسدان فرید عباسی اور محمد مہدی شہید ہو گئے۔
ختم الانبیا ہیڈ کوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل غلام علی راشد کی بھی ان حملوں میں شہید ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے، تہران کے رہائشی علاقے پر اسرائیلی حملے میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
تہران میں سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ خطے میں جاری کشیدگی کے مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔