ایران اسرائیل جنگ: بھارتی سرکاری میڈیا کی فیک رپورٹنگ کے ذریعے اسرائیل کی تعریفیں

Published On 14 June,2025 07:10 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) ایران پر اسرائیلی جارحیت کےبعد بھارتی سرکاری میڈیا 'دور درشن' نے فیک رپورٹنگ کے ذریعے اسرائیل کی تعریفیں شروع کر دیں۔

بھارتی چینل نے ایران پر اسرائیلی حملے کی جھوٹی ویڈیو نشر کر کے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، دور درشن نے اکتوبر 2024 کی پرانی ویڈیو کو حالیہ واقعہ بنا کر پیش کر دیا، دور درشن کی نیوز کاسٹر کا کہنا تھا کہ  اسرائیلی حملے سے ایران کانپ اٹھا ۔

معروف بھارتی مفکر سندیپ منودھنے نے بھارتی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ بھارتی عوام کے ٹیکس سے چلنے والا میڈیا عالمی سطح پر بھارت کو شرمندہ کر رہا ہے۔

سندیب منودھنے کا کہنا تھا کہ  یہ بھارت کا قومی نشریاتی ادارہ ہے، جو عوام کے ٹیکس سے چلتا ہے ، ایران بھارت کا دوست ہے اور بھارت وہاں بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے، ایسے حساس موقع پر جھوٹی ویڈیو چلانا غیر ذمہ دارانہ صحافت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنا بھارت کی دوغلی سفارت کاری کو ظاہر کرتا ہے، بھارتی سرکاری میڈیا کی حرکت سے خطے میں کشیدگی کو ہوا مل سکتی ہے، صحافتی ذمہ داری سے عاری رپورٹنگ نے بھارت کے ریاستی اداروں پر سوالات اٹھا دیئے۔

سندیپ منودھنے کی بات نے بھارتی میڈیا کی ساکھ کو جھنجھوڑ دیا، انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا اسرائیلی بیانیے کو بڑھاوا دے رہا ہے، دور درشن جیسے چینل مودی کی زبان بولتے ہیں، مودی سرکار کو چاہیے کہ وہ پاکستان کیخلاف جھوٹی رپورٹنگ سے سبق سیکھے۔

دوسری جانب ایرانی عوام اور ریاست نے بھارتی میڈیا کی رپورٹنگ پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ گودی میڈیا ٹی آر پی کے چکر میں امن کا بڑا دشمن ہے، فیک نیوز پھیلانا نہ صرف صحافتی بلکہ سفارتی جرم ہے، عالمی میڈیا بھارتی ریاستی میڈیا کے جھوٹوں سے واقف ہو چکا ہے۔