ایران نے جنگ کو دیگر ملکوں تک بڑھانے کی دھمکی دیدی

Published On 16 June,2025 02:46 am

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں امریکا برابر کا شریک ہے، خمیازہ بھگتنا ہوگا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی اسرائیلی حملوں کی پشت پناہی کے ثبوت موجود ہیں، ایران اپنا دفاع کر رہا ہے جواس کا اصولی حق ہے، اسرائیل نے ایٹمی تنصیبات پر حملہ کرکے تمام ریڈ لائنز عبور کیں۔

عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے اسرائیل کے فوجی اور اقتصادی اہداف کو نشانہ بنایا، پارس گیس فیلڈ پر اسرائیل کا حملہ خطرناک عمل تھا، خطے میں جنگ کا دائرہ کار وسیع کرنے کے خواہاں نہیں، اگر مجبور کیا گیا تو ایران جنگ کو دیگر ملکوں تک بڑھانے پر غور کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عالمی برادری ایران پر جاری اسرائیلی حملوں کی مذمت کرے، ایران کسی ایسے معاہدے کا حصہ نہیں بنے گا جو اسے جوہری توانائی کے حصول سے روکے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھاکہ یورینیم کی افزودگی 60فیصد سے زیادہ حاصل کرنے کا عمل جاری رکھا جائے گا۔