اسرائیلی فوج کی غزہ میں جارحیت جاری، مزید 159 فلسطینی شہید، 560 زخمی

Published On 21 June,2025 02:35 am

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فوج کی غزہ میں جارحیت جاری رہی، مزید 159 فلسطینی شہید جبکہ 560 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں میں 84 فلسطینی شہید ہوگئے، غزہ سٹی اور شمالی علاقوں میں بمباری سے 59 افراد شہید ہوئے، خان یونس میں خوراک کے منتظر 16 افراد کو نشانہ بنایا گیا، امداد کے منتظر افراد پر ٹینکوں، طیاروں کے ذریعے حملہ کیا گیا۔

جنگ میں شہدا کی مجموعی تعداد 55 ہزار 613 ہوگئی،1 لاکھ 29 ہزار 760 افراد زخمی ہو چکے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے ترجمان نے جنیوا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ غزہ کے مکینوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے کیوں کہ اسرائیلی فوج کے مسلسل حملوں کے باعث پانی کی فراہمی کا نظام تباہ ہوگیا ہے۔

یاد رہے کہ یونیسیف نے غزہ میں غذائی قلت کے شکار فلسطینی بچوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھنے سے بھی خبردار کیاہے۔