تہران: (دنیا نیوز) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کردہ جنگ بندی کا احترام کریں گے، تاہم شرط یہ ہے کہ اسرائیل بھی اس کے نکات کی پابندی کرے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ ایرانی صدر نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ اگر صہیونی حکومت جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں کرتی، تو ایران بھی اس کی خلاف ورزی نہیں کرے گا۔
صدراتی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق پزشکیان نے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران علاقائی امور اور حالیہ جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا۔
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل (ایس این ایس سی) نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج جنگ بندی کے بعد بھی دشمن کے کسی بھی اقدام کا جواب دینے کے لیے الرٹ رہیں گی۔