اسرائیلی فوج کی امداد کے متلاشی فلسطینیوں پر فائرنگ، گولہ باری، مزید 72 شہید

Published On 27 June,2025 03:26 am

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری رہا۔

اسرائیلی فوج نے امداد کے متلاشی فلسطینیوں پر فائرنگ اور گولہ باری کی، تازہ حملوں میں مزید 72 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، 24 گھنٹے میں مزید 103 فلسطینی شہید اور 219 زخمی ہوئے۔

4 ہفتوں میں امداد کے منتظر 549 فلسطینی شہید،4 ہزار سے زائد زخمی ہوئے، نصیرات میں سکول پر اسرائیلی بمباری سے 9 افراد شہید ہوگئے، شہدا کی مجموعی تعداد 56 ہزار 259 ہو گئی،1 لاکھ 32 ہزار 458 افراد زخمی ہو چکے۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی چھاپے کے دوران 20 سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق شہید ہونے والے فلسطینیوں میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو امدادی خوراک حاصل کرنے کے لیے قطاروں میں کھڑے تھے۔

محصور غزہ میں اسرائیلی بمباری اور گولہ باری کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جہاں عام شہری خوراک، پانی اور طبی سہولتوں سے محروم ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے بار بار خبردار کیا ہے کہ امدادی قافلوں اور لائنوں پر حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔