اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت ایک عظیم انسانی المیہ ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر زید سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو ریاست نہیں بلکہ دہشت گرد تنظیم کے طور پر تسلیم کرتا ہے، اسرائیلی حملوں میں پچاس ہزار سے زائد انسانی جانوں کا ضیاع ہر پاکستانی کے لیے دلخراش سانحہ ہے۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ غزہ میں معصوم بچوں کی مسلسل شہادتیں عالمی ضمیر کے لیے ایک کڑا امتحان ہیں، اسرائیل کی جانب سے غزہ کیلئے امدادی سامان کی فراہمی روکنا خوراک کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے مترادف ہے، پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کی ہر سطح پر اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے جو خطے اور دنیا کے امن کے لیے شدید خطرہ ہے۔