اسرائیل کی مسجد اقصیٰ پر چڑھائی، غزہ پر وحشیانہ حملے میں 51 فلسطینی شہید

Published On 23 June,2025 10:47 am

مقبوضہ بیت المقدس : (ویب ڈیسک) اسرائیل نے غزہ پر وحشیانہ حملے جاری رکھتے ہوئے مزید 51 نہتے فلسطینیوں کو شہید اور 104 کو زخمی کر دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے پناہ گزین کیمپوں اور گھروں پر بمباری کی جس سے عام شہری نشانہ بنے اور املاک کا نقصان ہوا جبکہ خوراک اور پانی کی کمی سے غزہ میں ہزاروں بچوں کی زندگی خطرے میں ہے۔

غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 55 ہزار 969 ہوگئی ہے جبکہ ایک لاکھ اکتیس ہزار دو سو بیالیس فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔

عالمی اداروں کے مطابق بھوک سے بلکتے فلسطینی بچے مٹی کھانے پر مجبور ہو چکے ہیں، ورلڈ سینٹرل کچن نے چھ ہفتوں سے زائد کی معطلی کے بعد آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

اسرائیلی فوجیوں کی مسجد اقصیٰ میں توڑ پھوڑ، محافظین گرفتار
اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ کے ہال پر چڑھائی کر کے مسجد کی بے حرمتی کی اور الاقصٰی محافظین کو  ڈیوٹی کے دوران ہی حراست میں لیا ہے۔

یروشلم گورنریٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز کا یہ اقدام اس مہم کاحصہ ہے جس کا مقصد مساجد کی انتظامیہ کو کمزور کرنا ہے اور وقف اتھارٹی میں بلا جواز مداخلت کر کے مساجد انتظامیہ اور عام مسلمانوں کو تکلیف پہنچانا ہے۔

اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ پر اپنے دھاوے کو تلاشی لینے کا نام دیا ہے، یہ کارروائی مسجد کے صحن سے متصل پرانے ہال میں کی گئی ہے فوجی جتھے نے ہال میں موجود الماریوں کی توڑ پھوڑ کی اور الماریوں میں موجود مواد کو نقصان پہنچایا۔

ایران کے ساتھ جاری جنگ سے منسلک ہنگامی حالت کے تحت مکمل بندش کے دوران اسرائیلی حکام نے مسجد اقصیٰ کو صرف دو بار کھولا ہے۔