شکاگو: (دنیا نیوز) شکاگو کے علاقے ریور نارتھ کے ایک نائٹ کلب پر معروف ریپر میلو بکز کے میوزک البم کی تقریب رونمائی پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ آرٹس ریسٹورنٹ اینڈ لاؤنج کے باہر رات 11 بجے پیش آیا، فائرنگ کے وقت کلب بند ہو رہا تھا اور بڑی تعداد میں لوگ باہر نکل رہے تھے۔
حملہ آور مبینہ طور پر سیاہ رنگ کی ایک گاڑی میں آئے تھے اور ایک حملہ آور نے اندھا دھند فائرنگ کردی، حملے میں دو خواتین اور دو مرد ہلاک ہوگئے جبکہ 11 لڑکیاں اور 3 لڑکے زخمی ہیں 6 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی عمریں 22 سے 30 سال کے درمیان ہے، علاقے میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا اور عوام سے سیاہ رنگ کی مشکوک گاڑی پر نظر رکھنے اور کوئی اطلاع ملنے پر فوری رابطے کی اپیل کی گئی ہے۔