باکو: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر آذربائیجان پہنچ گئے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف دورہ کے دوران اقتصادی تعاون تنظیم کے 17 ویں سربراہی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے، سمٹ میں علاقائی اور عالمی چیلنجز پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں شریک ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف آذربائیجان میں ای سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، وزیراعظم کی ایران، آذربائیجان، ازبکستان اور ترکیہ کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف ای سی او ویژن 2025 کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کریں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ای سی او رکن ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جس میں علاقائی تجارت، توانائی اور رابطے کے فروغ پر زور دیں گے۔