نئی دہلی: (دنیا نیوز) تعریف وہ جو دشمن کرے، بھارتی فوج کے نائب سربراہ لیفٹیننٹ جنرل راہول سنگھ نے پاکستان کی عسکری برتری کا اعتراف کر لیا، مودی سرکاری سے بروقت جنگی ہتھیار نہ ملنے کا شکوہ بھی کیا۔
خطے کی موجودہ صورتحال کے بعد بھارتی فوج پاکستان، چین اور ترکیہ کی قربت سے بھی خوفزدہ ہے، لیفٹیننٹ جنرل راہول سنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ہماری نقل و حرکت اور سٹریٹجک تیاریوں کا علم تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چین سے بھارتی اہداف کی براہ راست معلومات مل رہی تھیں، بھارت کا فضائی دفاعی نظام مطلوبہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا، معرکہ حق میں پاکستان نے الیکٹرانک وار فیئر میں بھارتی فوج کو پریشان کر دیا۔
بھارتی ڈپٹی آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل راہول سنگھ نے پاکستان سے شکست کی مضحکہ خیز وجوہات پیش کر دیں، انہوں نے کہا ڈی جی ایم او ٹاک کے دوران پاکستانی فوج کو بھارتی افواج کی نقل وحرکت کا بخوبی علم تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی C4ISR صلاحیتوں نے بھارتی فوج کو حیران کر دیا، پاک فضائیہ کی الیکٹرانک جنگی صلاحیتیں آپریشن سندور کے دوران بے مثال تھیں، بھارتی ڈپٹی آرمی چیف نے بھارت کے بڑا سائز ہونے کی وجہ سے بھارتی ایئرڈیفنس کی ناکامی کا اعتراف کر لیا۔
لیفٹیننٹ جنرل راہول سنگھ نے کہا کہ پاک فوج کے الفتح راکٹ سسٹم نے بھارتی فوجی اڈوں کو موثر طریقے سے نقصان پہنچایا، ہمارے سامنے سرحد ایک تھی مگر دشمن 3 تھے۔
بھارتی ڈپٹی آرمی چیف نے شکوہ کیا کہ ہمیں وقت پر اہم جنگی سامان نہیں ملا، چین نے اپنے ہتھیارروں کا تجربہ بھارتی سرزمین پر ایک لیبارٹری کے طور پر کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ نے بھی شکوہ کیا تھا کہ بھارتی دفاعی منصوبہ کبھی وقت پر پورا نہیں ہوتا، بھارتی فوج کا دعویٰ کہ اسے پاکستان، ترکی اور چین نے مل کر شکست دی جو بھارتی عوام کے سامنے شکست کی ناکام وضاحت ہے۔
پاکستان نے کبھی بچگانہ گلہ نہیں کیا کہ بھارت نے اسرائیلی اور فرانسیسی اسلحہ کیوں استعمال کیا؟ دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت پر کھلی تنقید دراصل بڑھتے ہوئے اندرونی سیاسی خلفشار کا مظہر ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان، بھارت کی طرف سے کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں بھارتی معاشی، انڈسٹریل کمپلیکسز کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
آئی ایس پی آر پہلے ہی یہ بتا چکا ہے کہ معرکہ حق کے دوران پاکستان نے اپنی تکنیکی صلاحیتوں کا صرف 10 سے 15 فیصد استعمال کیا جبکہ باقی صلاحیتیں ابھی باقی ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستانی مسلح افواج نے ، پیشہ ورانہ صلاحیتوں، دلیرانہ قیادت اور عوام کے بھرپور اعتماد کی بدولت بھارت کو شکست فاش دی۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کو تین دشمنوں کا گلہ کرنے کی بجائے اپنی حکمت عملی پر غور کرنا چاہئے، جس نے اسے بین الاقوامی سطح پر تنہا کر دیا ہے۔