ٹیکساس میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی، 24 افراد ہلاک، 25 بچیاں لاپتا

Published On 05 July,2025 09:35 am

ڈیلاس : (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی جس کے باعث مختلف حادثات میں 24 افراد ہلاک اور 25 لڑکیوں سمیت متعدد افراد لاپتا ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق طوفان کے باعث دریا بپھر گئے، ندی نالوں میں طغیانی سے سیلاب آگیا، کئی درخت بہہ گئے، آبادیاں ڈوب گئیں، درجنوں افراد پھنس گئے، چھتیں گرنے سے کئی مکانات اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

ٹیکساس کے لیفٹیننٹ گورنر ڈین پیٹرک کے مطابق سمر کیمپ میں موجود 25 سے زائد لڑکیاں اب بھی لاپتا ہیں، سائپریس جھیل اور سینئر ہل میں تمام کیمپرز کو تلاش کیا جا رہا۔

بیان میں والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر آپ کی بیٹی نہیں ملی تو آپ کو مطلع کر دیا جائے گا، اگر آپ سے ذاتی طور پر رابطہ نہیں کیا گیا ہے، تو آپ کی بیٹی مل چکی ہے۔

گورنر کے مطابق اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ لاپتا بچے زندہ نہیں رہے، وہ رابطے سے باہر ہوسکتے ہیں، 45 منٹ کے اندر دریائے گواڈلوپ 26 فٹ بلند ہوا جو تباہ کن سیلاب کی وجہ بنا۔

کیمپ مسٹک کی ویب سائٹ کے مطابق یہ لڑکیوں کے لیے ایک نجی مسیحی سمر کیمپ ہے جو 1926 میں قائم کیا گیا تھا۔

کیر کاؤنٹی کے اعلی عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ علاقے میں سیلاب کی وارننگ کا کوئی نظام نہیں ہے، مقامی افراد اپنے گمشدہ پیاروں کی تلاش کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سیلاب سے ہونے والی ہلاکتوں اور نقصان کے باعث ٹیکساس میں یوم آزادی کی تقریبات بھی منسوخ کر دی گئیں۔

امریکہ کی نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ مغربی وسطی ٹیکساس کے کچھ حصوں میں مزید سیلاب کا امکان ہے، پورے علاقے میں کئی انچ بارش ہوئی، اب گیلی مٹی اور ندی کے سیلاب نے اس علاقے کو زیادہ بارش کی صورت میں حساس بنا دیا ہے۔

سان انتونیو کے علاقے میں ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ رات بھر جاری رہ سکتا ہے جس کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جنوبی وسطی ٹیکساس کی ویسٹرن لانو کاؤنٹی میں آج شام سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا مشورہ ہے کہ اگر لوگوں کو سیلاب زدہ سڑکوں کا سامنا ہو تو وہ واپس پلٹ جائیں، دریا کے کنارے اور پُل غیر مستحکم اور غیر محفوظ ہو سکتے ہیں۔