شہباز شریف دورہ آذربائیجان مکمل کر کے پاکستان کیلئے روانہ

Published On 04 July,2025 10:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اپنا دو روزہ دورہ آذربائیجان مکمل کرکے پاکستان کیلئے روانہ ہو گئے۔

فذولی ہوائی اڈے پر آذربائیجان کے وزیرِ تعلیم و سائنس امین امر اللائیف، آذربائیجان کے پاکستان میں سفیر خضر فرہادوف، پاکستان کے آذربائیجان میں سفیر قاسم محی الدین اور اعلیٰ سفارتی و حکومتی اہلکاروں نے وزیرِ اعظم و پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔

شہباز شریف نے اپنے دورے کے دوران خانکندی میں منعقدہ اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور عالمی و علاقائی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔

وزیرِ اعظم نے علاقائی روابط، تجارت، سرمایہ کاری، پائیدار ترقی اور علاقائی امن کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیرِ اعظم کی موجودگی میں پاکستان اور آذربائیجان کے مابین 2 ارب ڈالر کی پاکستان کے اقتصادی شعبے میں آذری سرمایہ کاری کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے۔

اس موقع پر شہباز شریف کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، آذربائیجان کے صدر الہام علییوف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف سے ملاقاتیں ہوئیں۔

ملاقاتوں میں علاقائی امن، پاکستان کے ان ممالک کے ساتھ باہمی روابط اور تجارتی تعلقات کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔