بھارت کا سندور اجڑ گیا، 4 پائلٹوں سمیت 100 ہلاک فوجیوں کو اعزازات دینے کا فیصلہ

Published On 06 July,2025 12:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آپریشن سندور میں بھارتی فوج کے جانی نقصان کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، پہلے بھارت یہ نقصان چھپاتا رہا، پھر اندرونی دباؤ پر 4 لڑاکا ہوا بازوں، روسی دفاعی نظام کے 5 آپریٹروں سمیت 100 فوجیوں کو اعزازات دینے پر مجبور ہو گیا۔

دنیا بھر میں جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے فوجیوں کو عزت اور تکریم سے نوازا جاتا ہے، لیکن بھارت کا رویہ اس کے برعکس رہا ہے، آپریشن سندور کے دوران بھارتی فوج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا لیکن ان ہلاکتوں کو تسلیم نہ کر کے بھارتی فوج اور حکومت شدید اندرونی دباؤ کا شکار رہی۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت اور افواج نے ہزیمت سے بچنے کے لیے آپریشن سندور میں ہونے والے نقصانات کو ابتدا میں چھپایا، لیکن اب بھارتی حکومت نے انہی چھپی ہوئی ہلاکتوں میں سے 100 سے زائد فوجی اہلکاروں اور لڑاکا ہوا بازوں کو اعزازات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

مصدقہ اطلاعات کے مطابق صرف لائن آف کنٹرول پر بھارت کو 250 سے زائد فوجیوں کی ہلاکت کا سامنا کرنا پڑا، ان میں انڈین ایئر فورس یونٹ کے 7 فوجی، 10 انفنٹری بریگیڈ کے جی ٹاپ میں 5 ہلاک اہلکار اور ہیڈکوارٹر 93 انفنٹری بریگیڈ میں ہلاک ہونے والے 9 فوجی شامل ہیں، جنہیں اب اعزازات سے نوازا جا رہا ہے۔

بھارتی فضائیہ کے 4 ہلاک ہوا بازوں کو بھی اعزازات دیے جائیں گے جن میں 3 رافیل طیاروں کے ہوا باز بھی شامل ہیں، آدم پور ایئربیس پر مارے گئے جدید ایس 400 دفاعی نظام کے 5 آپریٹرز، ادھم پور ایئربیس اور ایئر ڈیفنس یونٹ پر ہلاک ہونے والے 9 اہلکار، راجوڑی ایوی ایشن بیس میں 2 ہلاک اور اڑی کے سپلائی ڈپو کے او سی سمیت 4 ہلاک فوجی اہلکار بھی اعزازی فہرست کا حصہ ہیں۔

انٹیلیجنس فیلڈ سپورٹ یونٹ نوشہرہ میں ہلاک ایک اہلکار اور 12 انفنٹری بریگیڈ اڑی میں 3 ہلاک اہلکاروں کو بھی اعزازات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پٹھان کوٹ اور اُدھم پور سمیت پاکستان کے مؤثر حملوں کے بعد بھارت جنگ بندی پر مجبور ہوا، متعدد بھارتی جنرل اور سفارتی نمائندے بھی ان نقصانات کو تسلیم کر چکے ہیں، جن میں تباہ شدہ بیسز اور رافیل طیاروں کے نقصانات شامل ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت نے ابتدا میں اپنی رسوائی اور شکست چھپانے کے لیے فوجی نقصانات کو نہ صرف چھپایا بلکہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کے لواحقین پر دباؤ ڈالا گیا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنے پیاروں کی تصاویر بھی شیئر نہ کریں۔

یہ امر حیران کن ہے کہ بھارت اب انہی ہلاک فوجیوں کو اعزازات دے رہا ہے جن کی ہلاکتیں کبھی تسلیم نہیں کی گئیں، جب بھارتی حکومت نے آپریشن سندور کے دوران فوجیوں کی ہلاکتوں کو تسلیم ہی نہیں کیا تو اب اندرونی دباؤ میں آ کر اعزازات دینے کا فیصلہ کیوں کیا جا رہا ہے؟

2019 میں ونگ کمانڈر ابھینندن کو جہاز گرنے کے بعد ویر چکرا سے نوازا گیا تھا اور مجموعی طور پر اس وقت 5 ایوارڈز دیے گئے تھے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کی کوئی بھی پروفیشنل فوج اپنے شہیدوں اور زخمیوں کو فخر سے یاد کرتی ہے، لیکن ہندوستان نے نہ صرف اپنے نقصانات چھپائے بلکہ اپنے فوجیوں کی قربانیوں کو بھی تسلیم کرنے سے انکار کیا، جو کسی بھی فوج کے لیے انتہائی شرمناک اور غیر پیشہ ورانہ طرز عمل ہے۔

یہ تمام حقائق اس بات کا ثبوت ہیں کہ مودی سرکار شکست اور رسوائی کو اعزاز کے لبادے میں چھپانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، بھارت نہ صرف عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے، بلکہ اپنی ہی قوم سے سچ چھپا رہا ہے۔