امریکا نے شام کی النصرہ فرنٹ کو غیرملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا

Published On 09 July,2025 03:09 am

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے شام کی ھیئتہ التحریر الشام (النصرہ فرنٹ) کو غیرملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکالنے کا اعلان کر دیا ۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ اعلان گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ نے ھیئتہ التحریر الشام (النصرہ فرنٹ) سے متعلق کیا، اس سے متعلق محکمہ خارجہ کے میمو پر 23 جولائی کی تاریخ درج ہے اور اس پر سیکرٹری خارجہ مارکو روبیو کے دستخط بھی ثبت ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ پیش رفت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شام پر عائد پابندیاں ختم کرنے کے حکم نامے کے ایک ہفتے بعد سامنے آئی ہے جس کا مقصد شام کی بین الاقوامی معاشی نظام سے دوری کا خاتمہ اور خانہ جنگی کے شکار اس ملک کی تعمیرنو کے عمل کو بحال کرنا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اس میمو میں لکھا کہ اٹارنی جنرل اور سیکرٹری خزانہ سے مشاورت کے بعد النصرہ فرنٹ جو کہ ھیئۃ التحریر الشام کے نام سے بھی معروف ہے کا غیرملکی دہشت گرد تنظیم کا سٹیٹس ختم کرتا ہوں۔