حماس کو غزہ کی پٹی میں رہنے کی اجازت نہیں دوں گا: اسرائیلی وزیر اعظم

Published On 11 July,2025 09:24 am

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم نیتن یاہو نے جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے 60 دنوں کے اندر غزہ پٹی میں جنگ ختم کرنے پر اپنی رضامندی ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ حماس کو غزہ کی پٹی میں رہنے کی اجازت نہیں دوں گا۔

نیتن یاہو نے واشنگٹن میں زیر حراست افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ ہم غزہ میں جنگ بندی کے 60 دنوں کے بعد جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں، اسرائیل غزہ کی پٹی میں جنگ کو ختم کرنے اور حماس کے ساتھ طے پانے والے معاہدے میں شامل 60 دن کی جنگ بندی کے بعد تمام زیر حراست افراد کو واپس لانے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے کہاکہ میں حماس کو پٹی میں رہنے کی اجازت نہیں دوں گا، ایسا نہیں ہو گا، میں اس مسئلے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا، لیکن میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ ہر زیر حراست شخص مل جائے ، امریکی وِٹکوف منصوبے کے تحت پوری جنگ کو ختم کرنے پر کام کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کے بارے میں میں آپ سے بات نہیں کر سکتا، کچھ کام خاموشی سے ہو رہے ہیں اور میں انہیں آپ کے ساتھ شیئر نہیں کروں گا کیونکہ انہیں راز میں رہنا چاہئے، ہم پہلے ہی صحیح راستے پر ہیں، چیزیں آگے بڑھ رہی ہیں، اس میں کچھ وقت لگے گا۔ صبر رکھیں۔

واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکہ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے بارے میں پر امید ہے، امریکی ایلچی سٹیو وِٹکوف بھی جلد ہی بالواسطہ مذاکرات ہونے کے بارے میں پر امید ہیں۔