غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں یومیہ ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، صبح سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 56 فلسطینی شہید ہو گئے۔
قطری نشریاتی ادارے نے غزہ کی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں اب تک 58,667 فلسطینی شہید اور 139,974 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ حماس کے حملے میں اسرائیل میں 1,139 افراد ہلاک اور 200 سے زائد یرغمال بنائے گئے تھے۔
غزہ کے واحد کیتھولک چرچ پر حملہ
اسرائیل کی جانب سے غزہ کے واحد کیتھولک ہولی فیملی چرچ پر حملے کے نتیجے میں کم از کم تین افراد شہید اور دس سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
کیتھولک فلاحی تنظیم کے سربراہ، مونسیگنور پاسکل گولنش نے اس حملے کو مکمل طور پر ناقابل قبول قرار دیا ہے کہ یہ ایک عبادت گاہ ہے، جو امن کا پیغام دیتی ہے اور مقامی آبادی کی خدمت میں مصروف ہے۔
پوپ کی فوری جنگ بندی کی اپیل
ویٹی کن سے پوپ لیو نے چرچ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چرچ پر حملہ ناقابل قبول ہے، انہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ اُنہیں امید ہے کہ خطے امن کے لیے فریقین کے درمیان جلد معاہدہ ہو جائے گا۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو سے چرچ حملے سے متعلق بات کی۔
جنوبی غزہ کے محفوظ زون پر بمباری
الجزیرہ عربی کے مطابق اسرائیلی بمباری نے جنوبی غزہ کے الماواسی نامی محفوظ زون کو بھی نشانہ بنایا، جہاں جبری طور پر بے دخل افراد کے خیمے قائم تھے، اس حملے میں پانچ افراد شہید ہوئے جن میں تین خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
نابلس میں چھاپے، فائرنگ اور گرفتاری
ادھر مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر زخمی کرنے کے بعد گرفتار کر لیا ہے۔
فلسطینی انفارمیشن سینٹر کے مطابق نابلس کے مشرق میں واقع نئے اسکر مہاجر کیمپ میں اسرائیلی فورسز نے کئی گھنٹوں سے جاری آپریشن کے دوران متعدد گھروں پر چھاپے مارے اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رکھا۔
عالمی سطح پر اسرائیل کے خلاف اقدامات
کولمبیا کے شہر بوگوٹا میں منعقدہ دی ہیگ گروپ کے اجلاس میں شرکت کرنے والے بارہ ممالک نے اسرائیل کے خلاف فوری اقدامات کا اعلان کیا ہے تاکہ غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف جاری نسل کشی کو روکا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر ایک شریک مندوب کا کہنا تھا کہ جب تک فلسطین آزاد نہیں ہوتا، ہم میں سے کوئی بھی آزاد نہیں ہو سکتا۔