سکاٹ لینڈ:(دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ میں بھوکے بچوں کی تصاویر ہولناک، جنگ بندی تک پہنچنا ہوگا۔
برطانوی وزیر اعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کیئر اسٹارمر سےغزہ کے مسئلے پر بات ہوئی، ہمیں امید ہے غزہ میں خوراک ان لوگوں تک پہنچے گی جنہیں اس کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حماس سے نمٹنا مشکل ہے ، میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے بات کر رہا ہوں اور ہم مختلف منصوبوں پرکام کر رہے ہیں،غزہ جنگ بندی مذاکرات میں مشکلات درپیش ہیں، غزہ کےحالات کئی دہائیوں سےخراب ہے، غذائی قلت کم کرنے کیلئے ہم فوڈ سینٹرز قائم کرنے جا رہے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ غزہ میں لوگوں کورکاوٹوں کی وجہ سےکھانا نہیں مل رہا، ہم غزہ کےلوگوں کی انسانی بنیادوں پرمدد کر رہے ہیں، غزہ میں غذائی قلت سےانکارنہیں کیا جاسکتا، اسرائیل پرامداد کی فراہمی کےلیےبھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، ہم دونوں جانتےہیں کہ ہمیں جنگ بندی تک پہنچنا ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے جوہری توانائی بارے خطرناک اشارے بھیجے ہیں،اگر ایران دوبارہ نیوکلیئر پروگرام شروع کرتا ہے تو ہم اسے جلد ختم کر دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے روس سے مذاکرات میں کوئی پیش رفت ہوتی نظر نہیں آرہی، میں آج روس کو 10 یا 12 دن کی ایک نئی ڈیڈ لائن دینے جا رہا ہوں، آپ کے ساتھ تفیصلات شیئر نہیں کرسکتا،ہم نےپاکستان اوربھارت کےدرمیان جنگ رکوائی۔
امریکی صدر نے کہا کہ ہم مستقبل قریب میں فارما ٹیرف کا اعلان کریں گے، ہم فارما ٹیرف کو برطانیہ کےخلاف استعمال نہیں کریں گے، ہم فارما کے شعبے میں برطانیہ کے ساتھ معاہدہ کریں گے۔
غزہ میں بھوک سے مرنے والے بچوں کی تصاویر درد ناک ہیں:برطانوی وزیراعظم
برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ غزہ میں بھوک سے مرنے والے بچوں کی تصاویر درد ناک ہیں، ہمیں غزہ میں جنگ بندی کے لیے دوسرے ممالک پر زور دینے کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حماس فلسطین میں مستقبل کی کسی بھی حکومت میں قطعی طور پر حصہ نہیں لے سکتی،غزہ میں جنگ بندی کے لیےدیگرممالک کوبھی متحرک کرنا ہوگا۔