آسٹریلیا کا جاپان سے 11 جدید جنگی بحری جہاز خریدنے کا فیصلہ

Published On 06 August,2025 02:19 am

سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے جاپان سے 11 جدید جنگی بحری جہاز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا نے اپنی بحریہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے جاپان کی متسوبشی ہیوی انڈسٹریز سے جدید 11 موگامی کلاس فریگیٹ جنگی بحری جہاز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی وزیر دفاع رچرڈ مارلس نے جاپان سے جدید جنگی بحری جہاز خریدنے کا اعلان کیا، یہ معاہدہ دوسری جنگ عظیم کے بعد جاپان کی سب سے بڑی دفاعی برآمد قرار دیا جا رہا ہے جس کے تحت آسٹریلیا آئندہ 10 سال میں 6 ارب امریکی ڈالر ادا کرے گا۔

رچرڈ مارلس نے کہاکہ ہمارے جاپان کے ساتھ قریبی سٹریٹجک تعلقات ہیں اور یہ جاپان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک کا سب سے بڑا دفاعی صنعتی معاہدہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ آسٹریلیا کے لئے بہترین دفاعی صلاحیت کی بنیاد پر کیا گیا ہے، اس معاہدے کے لئے جاپان کی کمپنی متسوبشی ہیوی انڈسٹریز کو جرمنی کی تھائسن کروپ میرین سسٹمز پر فوقیت دی گئی، موگامی کلاس فریگیٹ جدید سٹیلتھ جنگی جہاز ہیں جو طاقتور ہتھیاروں سے لیس ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ جہاز آسٹریلیا کے پرانے انزاک کلاس جہازوں کی جگہ لیں گے اور پہلا موگامی کلاس جہاز 2030ء تک آسٹریلوی بیڑے میں شامل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ موگامی کلاس فریگیٹ آسٹریلیا کے لئے بہترین ہے، یہ سٹیلتھ ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور اس میں 32 ورٹیکل لانچ سیلز ہیں جو طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

یہ معاہدہ آسٹریلیا اور جاپان کے درمیان بڑھتی ہوئی سکیورٹی شراکت داری کو مزید مضبوط کرتا ہے۔