ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف لگا دیا، اضافی پابندیاں بھی عائد

Published On 06 August,2025 07:04 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر کا بھارت کو ایک اور جھٹکا، ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف لگا دیا، اضافی پابندیاں بھی عائد کر دیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مزید 25 فیصد ٹیرف لگائے جانے کے بعد بھارت پر مجموعی امریکی ٹیرف 50 فیصد ہو گیا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے بھارت پر 25 فیصد اضافی ٹیرف عائد کیا، ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت پر معاشی دباؤ بڑھا دیا، بھارت کو روس سے تیل خریدنے کی قیمت چکانا ہوگی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف لگنے پر بھارتی میڈیا میں صف ماتم بچھ گئی۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق بھارت سے درآمد تمام اشیاء پر اضافی ڈیوٹی عائد کرنا ضروری اور مناسب ہے، بھارت دنیا میں سب سے زیادہ ٹیرف وصول کرتا ہے۔

امریکا نے بھارت پر اضافی پابندیاں بھی عائد کر دیں، وائٹ ہاؤس کے مطابق بھارتی اشیاء کی درآمد پر اضافی ایڈ ویلیورم ڈیوٹی عائد ہوگی، بھارت براہ راست یا بالواسطہ روسی فیڈریشن سے تیل درآمد کرتا ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے خلاف آئندہ 24 گھنٹوں میں اضافی درآمدی محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ بھارت پر نافذ 25 فیصد ٹیرف کو مزید بڑھایا جائے گا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت ایک بہتر تجارتی شراکت دار ثابت نہیں ہوا کیونکہ وہ تاحال روس سے خام تیل خرید رہا ہے جو بالواسطہ طور پر یوکرین میں جاری جنگی کارروائیوں کو توانائی فراہم کرنے کے مترادف ہے۔

یاد رہے کہ بھارت، جو دنیا کا تیسرا سب سے بڑا تیل درآمد کرنے والا ملک ہے، اس وقت روس سے سب سے زیادہ خام تیل خرید رہا ہے، یوکرین جنگ کے دوران روس کے لیے یہ ایک بڑی آمدنی کا ذریعہ بن گیا ہے۔

دوسری جانب امریکا نے بھارت پر دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ درآمدی ٹیرف (محصولات) عائد کیے ہیں، مثال کے طور پر ویتنام پر 20 فیصد، انڈونیشیا پر 19 فیصد جبکہ جاپان اور یورپی یونین کی برآمدات پر 15 فیصد ٹیرف لگایا گیا ہے لیکن بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو کچھ رعایت دی ہے، پہلے پاکستان پر 29 فیصد ٹیرف لاگو تھا، لیکن اب اس میں کمی کر کے 19 فیصد کر دیا گیا ہے، یہ نئی شرح 7 اگست سے نافذ ہوگی۔