ڈونلڈ ٹرمپ نے بہادرانہ اور منطقی کام کیا: بورس جانسن کی نام لئے بغیر بھارت پر تنقید

Published On 07 August,2025 07:22 am

لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ کے سابق وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بہادرانہ اور منطقی کام کیا۔

 سابق وزیراعظم برطانیہ بورس جانسن نے نام لئے بغیر بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آخر کار ان ممالک کو سزادی جوروسی تیل و گیس خرید کر پیوٹن شیطانی جنگی مشین کو فنڈزفراہم کرتے ہیں، برطانیہ اورباقی یورپ میں ایسا کرنے کی ہمت کب ہوگی؟

امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ سستاروسی تیل خریدنا اب اتنا آسان نہیں رہا جو پہلے تھا، بھارت پر اضافی 25 فیصد ٹیرف لگانے کے فیصلے کو سراہتا ہوں، پیوٹن کا تیل خریدتے رہے تو ٹیرف کے بغیر امریکی معیشت تک رسائی نہیں ملے گی، جو اس کام میں ملوث ہیں وہ اب کسی اور کے بجائے خود کو موردالزام ٹھہرائیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اضافی ٹیرف لگانے پر بھارت نے ردعمل میں کہا ہے کہ بھارت پراضافی ٹیرف عائد کرنے کا امریکی اقدام بے حد افسوسناک ہے۔

بھارتی وزات خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت جو کررہا ہے وہی اقدامات کئی دوسرے ممالک بھی اپنے قومی مفاد میں کررہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی اقدام ناانصافی پر مبنی، بلاجواز اور غیرمنصفانہ ہیں، بھارت اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔