ماسکو: (دنیا نیوز) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ ہم یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کے مخالف ہیں، یوکرین کے علاقوں پر قبضے کیلئےنہیں بلکہ وہاں کے عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوشاں ہیں۔
روسی صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ میں زیلنسکی سے ملاقات کے لیے تیار ہوں، اگر ملاقات مناسب طریقے سے تیار کی جائے تو میں زیلنسکی سے ملنے کو تیار ہوں، اگر زیلنسکی ماسکو آنا چاہیں تو ملاقات ممکن ہے۔
پیوٹن کا کہنا تھا کہ چین کا حالیہ دورہ مثبت اور نتیجہ خیز رہا، چین سمیت دنیا بھر میں توانائی کی طلب بڑھ رہی ہے، چین کے ساتھ کیے گئے معاہدے دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں۔
روسی صدر نے کہا کہ یہ معاہدے چین کو عالمی منڈی میں مسابقتی فائدہ دیں گے، ہم چین کو گیس کی محفوظ اور مستحکم فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، چین کو 100 ارب کیوبک میٹر سے زیادہ گیس فراہم کی جائے گی۔
پیوٹن نے کہا کہ ہم اس اصول پر متفق ہیں کہ ہر ملک کو اپنی سلامتی کیلئے آزادانہ فیصلے کا حق حاصل ہے، یہ اصول یوکرین پر بھی اتنا ہی لاگو ہوتا ہے جتنا روس پر۔