رومانیہ کا فضائی حدود کی خلاف ورزی پر روسی سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج

Published On 16 September,2025 02:55 am

بخارسٹ: (ویب ڈیسک) رومانیہ نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر روسی سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رومانیہ کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اس واقعہ کو ناقابلِ قبول اور غیر ذمہ دارانہ عمل قرار دیا گیا ہے جو رومانیہ کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے واقعات خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ بن رہے ہیں اور کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ روس سے فوری طور پر مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مستقبل میں ایسی کسی بھی خلاف ورزی سے گریز کرے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل رومانیہ کے ہمسایہ اور نیٹو کے ایک اور رکن ملک پولینڈ نے بھی اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے والے روسی ڈرونز کو مار گرایا تھا اور روس پر اشتعال انگیزی کا الزام عائد کرتے ہوئے مزید خلاف ورزیوں سے باز رہنے کا مطالبہ کیا تھا۔

رومانیہ کی وزیر خارجہ اوانا توئیو کا کہنا ہے کہ روس کے اس اقدام سے بحیرہ اسود میں نیا سکیورٹی چیلنج درپیش ہے جس پر بین الاقوامی سطح پر تشویش بڑھ رہی ہے۔

دوسری جانب، جرمن وزیر خارجہ یوہان ویڈیفول نے بھی اس واقعہ کو یورپی یونین اور نیٹو کے قریبی اتحادی کی خودمختاری کی ایک اور ناقابلِ قبول خلاف ورزی قرار دیا ہے۔