غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی جارحیت میں شدت، غزہ میں مزید فوجی دستے داخل ہوگئے۔
زمینی اور فضائی حملوں میں رہائشی عمارتیں اور سکول کو نشانہ بنایا گیا، صیہونی فوج کی تازہ کارروائیوں میں 68 فلسطینی شہید اور 220 زخمی ہو گئے، خان یونس میں امداد کے منتظر 11 فلسطینی بھی شہدا میں شامل ہیں۔
غذائی قلت اور جبری قحط سے 147 بچوں سمیت 440 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے، شہدا کی مجموعی تعداد 65 ہزار 344 ہوگئی،1 لاکھ 66 ہزار 795 فلسطینی زخمی ہو چکے۔
واضح رہے کہ فرانس نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرلیا، فلسطین کو تسلیم کرنے والے ممالک کی تعداد151 ہوگئی۔
فرانسیسی صدر میکرون نے فلسطین کو دو ریاستی حل کے اجلاس کے موقع خطاب کرتے ہوئے فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا، فرانسیسی صدر میکرون نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلسطین میں امن قائم کرنے کا وقت آگیا ہے، حماس 48 یرغمالیوں کو رہا کرے، یرغمالیوں کی رہائی کیلئے مزید انتظار نہیں کر سکتے۔
میکرون کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین میں عرب ریاست کا قیام کا وعدہ ابھی تک پورا نہیں ہو سکا، وقت آگیا ہے جنگ، قتل عام اور لوگوں کی ملک بدری روکی جائے، مسئلہ فلسطین کا دو ریاستی حل ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب اور فرانس کی میزبانی میں اقوام متحدہ کی سربراہی کانفرنس ہورہی ہے، کانفرنس میں متعدد ملکوں کی جانب سے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کا اعلان متوقع ہے۔