اسرائیل کی حما س کے خلاف حکمت عملی ناکام ہوگئی: فرانسیسی صدر

Published On 22 September,2025 03:06 am

پیرس: (دنیا نیوز) فرانسیسی صدر میکرون نے کہا ہے کہ اسرائیل کی حماس کے خلاف حکمت عملی ناکام ہوگئی۔

میکرون کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے حماس کے کئی رہنما قتل کئے پھر بھی اسے ختم نہ کر سکا، اب بھی حماس کے پاس اتنے ہی جنگجو ہیں جتنے شروع میں تھے، حماس کو ختم کرنا جنگ کے خاتمے کا حل نہیں۔

فرانسیسی صدر میکرون کا مزید کہنا تھا کہ غزہ جنگ اسرائیل کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

واضح رہے کہ فرانسیسی صدر میکرون کا بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب آسٹریلیا، برطانیہ اور کینیڈا نے باضابطہ طور پر فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے یہ اعلان نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور مشرق وسطیٰ میں دو ریاستی حل سے متعلق اہم کانفرنس کے موقع پر کیا تھا، یہ اقدام برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر اور کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ سامنے آیا تھا۔

انتھونی البانیز کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا فلسطینی عوام کی ’اپنی ریاست کے قیام کی جائز اور دیرینہ خواہشات‘ کو تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلسطینی اتھارٹی کو سفارتخانہ قائم کرنے اور فعال تعلقات کے لئے بین الاقوامی برادری کی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

ان کا مزید ہنا تھا کہ جن میں اسرائیل کے وجود کو تسلیم کرنا، جمہوری انتخابات کرانا اور مالیات و گورننس میں اصلاحات شامل ہیں۔