غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں حملوں میں تیزی آگئی، مزید 91 فلسطینی شہید ہوگئے۔
قطری میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر بم باری کی جس میں بچوں سمیت متعدد فلسطینی شہید ہوئے، غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں صبح سے اب تک شہدا کی تعداد 91 سے زائد ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق چند روز میں غزہ شہر سے ساڑھے 4 لاکھ فلسطینی جبری بےدخل کر دیے گئے۔
دوسری جانب حماس نے باقی رہ جانے والے 48 یرغمالیوں کی الوداعی تصویر کے نام سے گروپ فوٹو جاری کر دیا، اسرائیل کے فوجی آپریشن کی توسیع پر حماس نے یرغمالیوں کی جانیں خطرے میں ہونے سے خبردار کر دیا تھا۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے ٹرمپ انتظامیہ اسرائیل کو 6 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کے ہتھیار فروخت کرنے کے لیے کانگریس کی منظوری حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔