سپین کے بادشاہ فلپ ششم کا غزہ میں فوری جنگ بندی، فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کا مطالبہ

Published On 20 September,2025 02:48 am

میڈرڈ: (ویب ڈیسک) سپین کے بادشاہ فلپ ششم نے غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں فلسطینی عوام کو درپیش ناقابلِ بیان مشکلات کی مذمت کی ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مصر کے سرکاری دورے کے دوران اپنے بیان میں سپین کے بادشاہ فلپ ششم نے کہا کہ لاکھوں فلسطینی اسرائیلی بمباری کے باعث بدترین حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

فلپ ششم نے کہا کہ سیاسی مداخلت کے باعث کی جانے والی یہ بمباری ایک غیر معمولی واقعہ ہے جس نے ایک ناقابلِ برداشت انسانی بحران کو جنم دیا ہے اور غزہ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔

سپین کے بادشاہ نے کہا کہ ان کا ملک مسلسل جنگ بندی کا مطالبہ کر رہا ہے اور اسرائیل پر زور دے رہا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکے۔

سپین یورپ کے ان ممالک میں شامل ہے جنہوں نے گزشتہ سال مئی میں فلسطینی ریاست کو باضابطہ تسلیم کیا تھا اور اسرائیل کی جارحانہ جنگ کے باعث اس پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔