اردن کی سرحد پر فائرنگ سے 2 اسرائیلی شہری ہلاک

Published On 18 September,2025 09:09 pm

تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیلی حکام کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے اور اردن کے درمیان واقع کنگ حسین (ایلنبی) پل کراسنگ پر فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔

اسرائیلی فوج نے بتایا کہ حملہ آور ایک ٹرک میں آیا جو اردن سے امداد لے کر آ رہا تھا۔ حملہ آور نے اچانک فائرنگ کی جس کے بعد اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسے ہلاک کر دیا، فوج کے مطابق حملہ آور کے پاس اسلحہ اور چاقو موجود تھا۔

ہلاک ہونے والے دونوں افراد کی عمریں تقریباً 20 اور 60 سال بتائی گئی ہیں، اسرائیلی ایمرجنسی سروس کے مطابق زخمیوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر اریحا کا محاصرہ کر لیا اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ حملے کے مزید پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔