غزہ: سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک

Published On 18 September,2025 11:31 pm

غزہ: (دنیا نیوز) جنوبی غزہ میں سٹرک کنارے نصب بم کے دھماکے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی غزہ میں رفح شہر میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ایک افسر اور تین فوجی ہلاک ہوئے۔

ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 26 سالہ میجر عمری چائی، 23 سالہ لیفٹیننٹ ایران شیلم، 22 سالہ لیفٹیننٹ ایتان اور 20 سالہ لیفٹیننٹ رون ایریلی شامل ہے۔

صہیونی فوج نے بتایا کہ یہ واقعہ صبح 9:30 بجے کے قریب رفح کے جنینا محلے میں حملے کے دوران پیش آیا، جب ایک بکتر بند گاڑی کے ساتھ دیگر دو فوجی گاڑیاں چل رہی تھیں۔

مزید بتایا کہ ان میں سے ایک گاڑی سڑک کنارے نصب بم سے ٹکراگئی، جس کے نتیجے 4 فوجی ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔