غزہ : اسرائیلی فوج کی بربریت میں اضافہ، بمباری سے ایک دن میں مزید51 فلسطینی شہید

Published On 20 September,2025 05:55 pm

غزہ:(دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیلی فوج نے بربریت میں اضافہ کرتےہوئے حملے تیز کردیے، بمباری سے ایک ہی دن میں 51 فلسطینی شہید ہو گئے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ سٹی میں 43 فلسطینی شہید، درجنوں افراد زخمی ہوئے، اسرائیلی حملوں کے بعد 4 لاکھ 50 ہزار افراد غزہ سٹی سے نکل مکانی پر مجبور ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ 24 گھنٹوں میں امداد لینے والے 4 فلسطینی شہید، 18 زخمی ہوئے جب کہ شہدا کی مجموعی تعداد 65 ہزار 208 ہوگئی،1لاکھ 66ہزار 271 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔

قبل ازیں اقوام متحدہ کے سربراہ گوتریس نے غزہ کی تباہی کو بدترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیلی دباؤ سے خوف زدہ نہ ہو، غزہ میں ہر روز بڑھتی لاشوں پر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، غزہ کی صورتحال بد سے بدتر اور انسانی بحران شدید تر ہوتا جا رہا ہے۔